تحریک پاکستان اور استحکام پاکستان کیلئے بلوچستان کا کردار نمایاں ہے: ڈاکٹر رفیق احمد

27 اکتوبر 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) قائداعظم کو بلوچستان سے بے حد محبت تھی اور تحریک پاکستان کے دوران بلوچستان کے رہنما بھی قائداعظم کے بہت قریب تھے۔ اس وقت پوری دنیا کی نظریں بلوچستان پر ہیں اور ہم دشمنوں کے مذموم عزائم کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے۔ تحریک پاکستان اور بعدازاں ملکی تعمیر وترقی میں بلوچستان کے عوام کا نمایاں کردارہے۔ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے کارکن، سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان کا مطالعاتی دورہ کرنیوالے کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزکے طلبا وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ایڈمن کرنل(ر) عزیز خان کاکڑ،ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف خلجی، پروفیسر ڈاکٹر ثناء تنزیل، نوجوان دانشور میاں سلمان فاروق اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید بھی موجود تھے۔ کرنل (ر) عزیز خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بہت محب وطن ہیں اور وقت پڑنے پر ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔ پروفیسر محمد حنیف خلجی نے کہا کہ میں یہ بات واضح کردوں کہ بلوچستان کا بچہ بچہ پاکستان کیلئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔ شاہد رشید نے کہا کہ ہم حال ہی میںکوئٹہ کا دورہ کر کے واپس آئے ہیں اور ہم وہاں کے عوام کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔