اسلام آباد: آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے قیام میں 90 روز کی توسیع

27 اکتوبر 2016

اسلام آباد (نیٹ نیوز+ این این آئی) وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے قیام میں توسیع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف کمشنر نے وزارت داخلہ کو فوج کے اسلام آباد میں قیام میں توسیع کرنے کیلئے سمری بھیجی جس کی وزارت داخلہ نے منظوری دیدی اور وزارت داخلہ کی جانب سے اسلام آباد میں فوج کے قیام میں 90 روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ فوج کو 2014ء میں ضرب عضب سے قبل آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد طلب کیا گیا تھا۔ این این آئی کے مطابق کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد میں فوج کے قیام میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی۔ آپریشن ضرب عضب سے قبل اسلام آباد میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا گیا تھا اور اس وقت فوجی جوانوں کی تعداد 30 ہزار تھی تاہم اب وزارت داخلہ نے 90 روز کی توسیع کے بعد جوانوں کی تعداد 20 ہزار کم کرکے 10 ہزار کردی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے تحریک انصاف کے 2 نومبر کے دھرنے کے پیش نظر بھی فوج کے قیام میں توسیع کی اور فوجی اہلکاروں کو آرٹیکل 245 کے تحت حاصل اختیارات کو ہائیکورٹ میں بھی چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔