عمران کو غلط معلومات دی گئیں میرا ان منصوبوں سے کوئی تعلق نہیں :جاوید صادق

27 اکتوبر 2016
عمران کو غلط معلومات دی گئیں میرا ان منصوبوں سے کوئی تعلق نہیں :جاوید صادق

لاہور (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) معروف کاروباری شخصیت اور چینی کمپنی کے نمائندے جاوید صادق نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ شریف خاندان کے کسی فرد سے ہماری کوئی شراکت داری نہیں، دنیا کی سب سے بڑی چینی تعمیراتی کمپنی کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہوں، کام کے سلسلے میں شہباز شریف سمیت سب سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، عمران کو غلط معلومات فراہم کی گئیں، اسلام آباد ایئرپورٹ کا منصوبہ پیپلز پارٹی اور ارفع کریم ٹاور کا منصوبہ ق لیگ کے دور حکومت کا ہے۔ شہباز شریف نے میری کمپنی کو کوئی ٹھیکہ نہیں دیا، ایک دو روز میں آڈٹ رپورٹ پبلک کر دوں گا۔ الزامات میں صداقت نہیں، میں چائنیز کمپنی کے ساتھ 1998سے کام کر رہا ہوں، میں سب سے پہلے زیڈ ٹی ٹیلی کام کمپنی لیکر آیا تھا جس کا 7فیصد شیئر ہولڈر ہوں۔ پہلے پرویز مشرف حکومت سے بھی ملتا رہا، پھر پیپلز پارٹی سے بھی اور اب (ن) لیگ حکومت سے بھی ملتا ہوں، تین دن پہلے وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملنے گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جن چار منصوبوں کا ذکر کیا ان کی انفارمیشن غلط ہے، قائداعظم سولر پارک سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔