موچی گیٹ :دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے4 گھر منہدم نوجوان جاں بحق ملبے سے 8دستی بم برآمد
لاہور+ جوئیانوالہ+ فیروزوالا (سٹاف رپورٹر+ این این آئی+ نامہ نگاران) لاہور کے علاقہ اندرون موچی گیٹ میں زور دار دھماکے کے باعث 4 گھروں کی چھتیں گر گئیں، واقعہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 10 زخمی ہوگئے، ملبے سے 8ہینڈ گرنیڈ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے پر بم ڈسپوزل سکواڈ نے سرچ آپریشن کیا۔ منگل کی رات گئے اندرون موچی گیٹ میں واقع حاجی علی عمران کے گھر زور دار دھماکہ ہوا جس سے 2 منزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی جبکہ 3 ملحقہ گھروں کی بالائی منزلیں بھی گر گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے 11 افراد کو نکال کر طبی امداد کیلئے میوہسپتال منتقل کردیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک زخمی علی عظمت نامی شخص دم توڑ گیا۔ زخمی ہونے والوں میں بچے، خواتین اور مرد بھی شامل ہیں۔ ان میں حسن رضا نامی نوجوان کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا رہا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کی تو محلے داروں نے بتایا کہ چھتیں گرنے سے قبل دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔ تاہم پولیس نے اسے افواہ قرار دیا تاہم بعد میں ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا تو بم ڈسپوزل سکواڈ بھی طلب کرلیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کیا تو مزید ہینڈ گرنیڈ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا جسے فرانزک لیبارٹری بھجوا کر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف بھی موقع پر پہنچے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تک ملبے سے 8 ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے ہیں جو کہ ڈی فیوز اور پرانے لگتے ہیں اور یہ بھی پہلو دیکھ رہے ہیں کہ یہ یہاں پہلے سے موجود تھے یا لائے گئے اور یہ بھی کہ یہ سکریپ کی صورت میں تو نہیں لائے گئے۔ ملبے سے ملنے والے ہینڈ گرنیڈ کو فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا تاہم تحقیقات کے بعد اس میں ملوث افراد کو گرفتار بھی کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ہی عمارتیں گریں۔ حاجی عمران اور اسکے اہل خانہ کے کسی کالعدم تنظیم سے تعلق کے بارے اور انکی جائیداد کی بھی تحقیقات شروع کردی گئی اور انہیں اطلاعات کے مطابق شامل تفتیش کر لیا گیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے عمارتوں کی چھتیں گرنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ چھتیں گرنے کے واقعہ کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ دریں اثناء شیخوپورہ کے علاقے جوئیانوالہ میں ڈیرہ ملک مشتاق ڈوگر کے قریب واقع ماچس فیکٹری میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث ماچس تیار کروانے کیمیکل مواد کو آگ لگنے کے باعث 11 مزدور بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں انتہائی مخدوش کے پیش نظر میوہسپتال لاہور ریفر کردیا ہے جن میں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ فیکٹری انتظامیہ نے اس واقعہ کو کئی گھنٹے تک پوشیدہ رکھا۔ ریسکیو ٹیموںاور ضلعی انتظامیہ کے جائے وقوعہ پہنچے پر انہیں ٹال مٹول اور معمولی نوعیت کا بتا کر واپس بھجواد دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ماچس فیکٹری میں آگ اس وقت اچانک بھڑک اٹھی جب مزدور حیات، عمران، بوٹا، ریاض، قاسم، امتیاز اور اکرم وغیرہ ماچس بنانے میں مصروف تھے کہ بارودی مواد سے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس مصروف تفیش ہے اور واقعہ کی تفتیش کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی۔