بھارتی افغان ایجنسیاں دہشتگردوں کی سر پرستی کررہی ہیں :ناصر جنجوعہ

27 اکتوبر 2016

اسلام آباد (نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پاکستان نے امریکہ پر واضح کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور افغان ایجنسی این ڈی ایس پاکستان میں آسان ہدف کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد گروپوں کی سرپرستی کر رہی ہیں۔ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی جس میں کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج پر حملے، دہشت گردی کے خلاف آپریشن اور سرحد پار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے امریکہ سے مدد طلب کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ پر افسوس کا اظہارکیا اور امریکہ کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی ہرممکن مدد کا اعادہ کیا۔ ناصر جنجوعہ نے امریکی سفیر کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے ذریعے سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے حوالے سے کوششوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے ’’را‘‘ اور این ڈی ایس کی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث افغان دہشت گردی کا گٹھ جوڑ توڑنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایجنسیاں ان دہشت گردوں کو پاکستان میں آسان اہداف کو نشانہ بنانے میں مدد دے رہی ہیں۔ پولیس ٹریننگ کالج پر حملہ کرنے والے دہشتگرد افغانستان میں موجود اپنی قیادت سے مسلسل رابطے میں تھے۔ ان کے خاتمے کے لئے پاکستان کو امریکہ کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں امن کا پاکستان کے امن سے براہ راست تعلق ہے خطے میں امن و استحکام کے لئے افغانستان میں سیاسی مفاہمت ضروری ہے۔ این این آئی کے مطابق ناصر جنجوعہ نے کوئٹہ میں دہشتگردانہ حملے میں بھارتی اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیوں کے دہشتگردوں سے رابطہ کے بارے امریکہ کو آگاہ کردیا۔ ملاقات میں پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں دہشت گردی کے حملہ، انسداد دہشت گردی آپریشن اور کراس بارڈر حملوں کے امور زیر غور آئے۔ ڈیوڈ ہیل نے پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں دہشت گردی کے حملہ کی شدید مذمت کی اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ امریکہ کے سفیر نے قومی سلامتی کے مشیر کو افغانستان میں سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالہ سے امریکہ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ناصر جنجوعہ نے سانحہ کوئٹہ کے ذمہ داروں کو انجام تک پہنچانے کیلئے امریکہ سے مدد طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ افغانسنتان میں دہشتگرد ’’را‘‘ اور این ڈی ایس کے زیر انتظام کام کر رہے ہیں۔