نواز شریف کے استعفیٰ یا تلاشی تک دھرنے سے واپس نہیں آئینگے: پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنوں کے تاثرات

27 اکتوبر 2016

شیخوپورہ (سلطان حمید راہی/ عظیم علی شیخ /سیف الرحمان سیفی) شیخوپورہ سے تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں نے کہا ہے کہ 2014کے دھرنے میں مشکلات ضرور آئی تھی مگر ملک کی خاطر مشکلات کو برداشت کیا 2016کے دھرنے میں نئے جذبہ اور جوش کے ساتھ شرکت کریں گے اور اس وقت تک واپس نہیں آئیں گے جب تک نواز شریف استعفیٰ یا تلاشی نہیں دینگے کرپشن سے پاک معاشرہ ہی ترقی کا ضامن ہوتا ہے۔ مرکزی انجمن تاجراں کے چیئرمین اور تحریک انصاف کے رہنما الحاج ملک اسلم بلوچ نے کہا کہ اس مرتبہ اسلام آباد میں دھرنے میں کارکنوں اور رہنمائوں کے لیے کھانے اور رہائش کا انتظام کیا گیا ہے دھرنے کا مقصد حکمرانوں اور ان کے حواریوں کی کرپشن کو بے نقاب کرنا ہے۔ تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدر کنور عمران سعید نے کہا کہ 2014کے دھرنے سے قوم کو دھاندلی کے بارے میں آگاہی ملی تھی اس مرتبہ بھی دھرنے کا مقصد عوام میں کرپشن کیخلاف آگاہی پیدا کرنا ہے اور عوام کا حق کھانے والے کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے تحریک انصاف پنجاب لیبر ونگ کے صدر رانا عبدالسمیع خان نے کہا کہ دھرنے میں ہزاروں صنعتی ورکر شامل ہوں گے جس کے لیے ایک سو ویگنوں کا اہتمام اور اسلام آباد میں ٹینٹ بھی لگائے جائیں گے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈراین اے 133 ابوبکر مشتاق ورک نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔ قوم عمران خان کی کال پر کرپٹ حکمرانوں کیخلاف سخت احتجاج کرے گی، سابق ایم این اے چودھری سعید ورک نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی کرپشن کا گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اسلام آباد سے اس وقت تک واپس نہیں آئے گے جب تک انصاف نہیں مل جاتا تحریک انصاف بلدیہ شیخوپورہ کے کونسلروں حاجی غلام نبی ورک، چودھری انیس ریاست ورک،کامران ذوالفقار ورک، حافظ مدثر مصطفیٰ نے کہا کہ شیخوپورہ کے ہر وارڈ سے ہزاروں کارکن اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں گے چند دنوں کی تکلیف سے آنے والی نسلوں کو فائدہ ہوگا۔ سابق ٹکٹ ہولڈر میاں محمد شفیق اشرفی نے کہا کہ 2014کی نسبت اس مرتبہ عوام میں حکمرانوں کیخلاف جوش اور جذبہ زیادہ ہے چودھری معراج خالد گجر نے کہا کہ دھرنے میں شیخوپورہ کے دیہی علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔ عبدالمناف خان، خرم ریاض کاہلوں، عامر شریف نے کہا کہ عمران خان کا مشن جمہوریت کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ پاکستان اور عوام کی کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلانا ہے، ماجد منظور کاہلوں نے کہا کہ شیخوپورہ کے تاجر بھی کرپشن کیخلاف عمران خان کی کال پر اسلام آبا د میں دھرنا دیں گے۔ اقبال گوپے رائ، فیض الرسول گجر، شفقت گجر نے کہا کہ پاکستان کو ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکے۔