دھرنا ملتوی کریں، نوائے وقت سروے میں گزشتہ احتجاج میں شامل کارکنوں کا عمران کو مشورہ

27 اکتوبر 2016

چونیاں (نمائندہ نوائے وقت) کشیدہ سرحدی صورتحال اور ملکی حالات کے پیش نظر عمران خاں دھرنے کو ملتوی کر دیں۔ موجودہ حالات دھرنے کیلئے سازگار نہیں ہیں۔ گزشتہ سال دھرنے سے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچا۔ ہمیں دھرنے میں لے جاکر بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا۔ نہ کھانے کیلئے کچھ ملا اور نہ ہی آرام کیلئے کچھ ہو سکا۔ ہم ادھر بارش میں کھلے آسمان تلے ذلیل و خوار ہوتے رہے جبکہ ہمارے لیڈر عمران خاں روزانہ رات کو بنی گالہ میں جا کر سکون کی نیند سوتے رہے۔ ان خیالات کا اظہار نوائے وقت سروے میں پی ٹی آئی کے گزشتہ اسلام آباد کے دھرنے میں شرکت کرنے والے کارکنوں ارشد بوبی، چوہدری محمد افضل، رضوان اشرف، تصدق حسین، محمد جرار، زاہد بشیر و دیگر نے کیا۔ انہوں نے 2 نومبر کے دھرنے میں شرکت سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دھرنے میں شرکت کرنے والوں پر ایف آئی آر غریبوں پر ہی کٹی تھیں۔ گرفتاریاں بھی غریب کارکنوں کی ہوئی تھیں۔ پیچھے ان کے گھر والوں کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ دھرنے میں عورتوں سے بداخلاقی ہوئی اور انکے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔