شاہ محمود کی ملاقات، حامد رضا نے تعاون کی یقین دہانی کرا دی، فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل نے دھرنے میں شرکت کی دعوت کے بعد مشاورت مکمل کر لی ہے۔ آئندہ ایک دو روز میں دھرنے میں شرکت کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سے تفصیلی ملاقات کی۔ حامد رضا نے شاہ محمود کو اپنے تعاون کا یقین دلایا اور مشاورت اور فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا۔ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ 2نومبر کا احتجاج حکومت کی چو لیں ہلا دے گا۔ قوم نااہل حکومت سے بیزار ہو چکی ہے۔ ملک بد حال اور حکمران خوشحال ہو گئے ہیں۔ 2نومبر کا دھرنا فیصلہ کن ثابت ہو گا۔ تحریک انصاف کے دھرنے میں رکاوٹیں ڈالنا حکومت کا غیر جمہوری رویہ ہے۔