تحریک انصاف کا دھرنا: حکومتی ٹیم متحدہ جمہوری وطن پارٹی اور دیگر جماعتوں سے ملاقاتیں کریگی

27 اکتوبر 2016

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے تحریک انصاف کو 2 نومبر 2016ء کے احتجاجی دھرنا سے قبل ’’سیاسی تنہائی‘‘ کا کا شکار کرنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے لئے وزراء کی ٹیم کو ’’ٹاسک‘‘ دے دیا ہے۔ وفاقی وزراء اسحاق ڈار‘ خواجہ سعد رفیق اور میر حاصل بزنجو کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وزراء کی ٹیم پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر چکی ہے۔ وزراء کی ٹیم آئندہ دو تین روز میں ایم کیو ایم‘ قومی جمہوری پارٹی‘ جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کرے گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے تحریک انصاف کے خلاف ’’دومکھی‘‘ لڑائی لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ سیاسی محاذ پر جہاں تحریک انصاف کا سیاسی انداز میں مقابلہ کر رہی ہے وہاں اس نے اسلام آباد کو ہر قیمت پر کھلا رکھنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ بدھ کی شام رینجرز‘ ملیشیا اور ریزرو دستوں کی بہت بڑی تعداد اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ ایک دو روز میں مزید کمک اسلام آباد پہنچ جائے گی۔