میچز جیت پر پش اپس قائمہ کمیٹی کے ارکان کھلاڑی پر برہم منع کر دیا بورڈ حکام
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میںقومی کر کٹ ٹیم کے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں میچز کے بعد پش اپس لگانے پر ارکان پارلیمنٹ برہم ہوگئے،کمیٹی کے ارکان رانا محمد افضل خان اور چودھری نذیر نے کہا کہ کھلاڑی جیت کر تو پش اپس لگاتے ہیں لیکن ہارنے پر خاموشی کیوں اختیار کرتے ہیں، کھلاڑی پش اپس لگا کر دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ جیت کر شکرانے کے نوافل ادا کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹوکمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ٹیم نے کاکول میں پاک فوج سے تربیت حاصل کی ہے پش اپس کا مقصد پاک فوج کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا، مصباح الحق نے سنچری کے بعد فٹنس ثابت کرنے کےلئے پش اپس لگائے اور دیگر کھلاڑیوں نے انہیں فالو کیا، بورڈ نے اب کھلاڑیوں کو پش اپس لگانے سے منع کر دیا ہے، کرکٹ کھیلنے کے لئے سفارشوں کی بھرمار ہے، تلخ حقائق ان کیمرا اجلاس میں پیش کر سکتا ہوں، پی ایس ایل کی تقریب یو اے ای میں اس لئے کرائی کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آنا چاہتے تھے۔ حکومتی رکن رانا محمد افضل خان نے قومی کھلاڑیوں کے پش اپس لگانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی جیت کر تو پش اپس لگاتے ہیں لیکن ہارنے پر خاموشی کیوں اختیار کرتے ہیں، چودھری نذیر نے رائے دی کہ کھلاڑی جیت کر شکرانے کے نوافل ادا کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ کمیٹی کے رکن رانا محمد اقبال نے پی سی بی حکام سے پوچھا کہ پی ایس ایل کی تقریب پاکستان میں کیوں نہیں کرائی گئی جس پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کی تقریب یو اے ای میں کرانا ہماری مجبوری تھی، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آنا چاہتے تھے۔ کور کمانڈر کراچی کو پی ایس ایل میں شرکت کی دعوت دی گئی لیکن انہوں نے شرکت نہیں کی، کور کمانڈر کراچی نے کہا کہ پی ایس ایل کراچی میں کرائیں، بھرپور سکیورٹی دیں گے، غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں لیکن اندرونی مسائل حل کرنا ہوں گے۔ نجم سیٹھی نے کمیٹی کو بتایا کہ کرکٹ کھیلنے کے لئے سفارشوں کی بھرمار ہے، تلخ حقائق ان کیمرا اجلاس میں پیش کر سکتا ہوں۔بعد ازاں حکومتی رکن رانا محمد افضل خان نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں نئی چیز ہوئی تھی جو مجھے ذاتی طور پر اچھی نہیں لگی جس پر میں نے سوال پوچھا جو میرا حق ہے، اگر پورے پاکستان کو اچھی لگی تو مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن کرکٹ میں اگر کھلاڑی امپائر کو گھور کر بھی دیکھتا ہے تو اس کا بھی کوئی مطلب ہوتا ہے اگر یہ کرکٹ کے علاوہ کبڈی یا اس طرح کو کوئی دوسرا کھیل ہوتا تو مجھے کوئی اعتراض نہ ہوتا۔ دریں اثنا ٹویٹر پر نجم سیٹھی نے کہا ہے کہغ کھلاڑیوں کے پش اپس پر کوئی پابندی نہیں لگائی، کوئی کھلاڑی سنچری بناتا ہے تو بے شک 100 پش اپس لگائے۔ نجم سیٹھی نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پی سی بی آرمی کی فٹنس ٹریننگ کا معترف ہے جیت پر سجدہ یا پش اپس کھلاڑی کی صوابدید ہے۔ میڈیا کو کرکٹ کے معاملات کو سیاسی بنانے سے اجتناب کرنا چاہئے۔ اس سے قبل نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کو پش اپس لگانے سے روک دیا ہے۔ اب ٹیم میں پش اپس کا سلسلہ بند ہو گیا ہے۔ لیکن اب نجم سیٹھی نے ٹویٹر پیغام میں یہ بھی کہہدیا کہ پش اپس پر کوئی پابندی نہیں اگر کھلاڑی سنچری بناتا ہے تو اسے 100پش اپس لگانے چاہئیں۔ دریں اثنا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نرم و نازک جمہوریت کو اب پش اپس سے بھی خطرہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ پش اپس سے کاکول اکیڈمی کی خوشبو آتی ہے اور اس سے حکمران ڈرتے ہیں۔
پش اپس