بیجنگ میں پاک چین مشترکہ کمیشن دفاعی ٹیکنالوجی کا اجلاس
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاک چین مشترکہ کمیشن برائے دفاعی ٹیکنالوجی کا اجلاس گزشتہ روز بیجنگ میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری دفاعی پیداوار نے اس اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی ۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دوران اجلاس پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا ۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ کمیشن کے فیصلوں پر سرعت سے عمل درآمد کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیئے جائیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے چین کا دورہ کیا ہے اور بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ سے دو طرفہ تعلقات اور خطہ کی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے طارق فاطمی نے چین کے وزیر خارجہ وانگ پی کے ساتھ ملاقات کے دوران پاک چین معاشی راہداری اور دفاع، معیشت ، تعلیم ، کلچر ،سائنس و ٹیکنالوجی سمیت باہمی تعلقات کے تمام پہلوئوں پر بات چیت کی۔ طارق فاطمی نے میزبان وزیر خارجہ کو بتایا کہ نیو کلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کیلئے پاکستان تمام تر معیار پر پورا اترتا ہے ۔ دونوں رہنمائوں نے مسئلہ کشمیر ،افغانستان کی صورتحال سمیت تمام علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ طارق فاطمی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں چینی وزیر خارجہ کو تفصیل سے آگاہ کیا۔