منتخب جمہوری حکومت کے حامی، دھرنا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے: امریکہ

27 اکتوبر 2016

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی + نیوز ایجنسیاں) امریکہ نے واضح کیا ہے کہ ہم پاکستان میں منتخب جمہوری حکومت کی حمایت کرتے ہیں،اسلام آباد میں دھرنا اور احتجاج پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، امریکہ پرامن احتجاج کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت پاکستان کیساتھ ہیں، دہشت گردی کیخلاف جامع اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بتایا کہ دھرنے کے بارے میں پاکستانی حکومت ہی موقف دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی سرزمین پر موجود ان دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کر کے علاقائی استحکام میں براہ راست کردار ادا کرسکتا ہے جو اسکے پڑوسیوں پر حملے کا ارادہ رکھتے ہوں۔ جان کربی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کیلئے سب کو ملکر کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کوئٹہ حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ امریکی ترجمان نے کوئٹہ حملے کو بزدلانہ، سفاکانہ اور ہولناک قرار دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ امریکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمیت اتحادی ملکوں کے ساتھ ملکر دہشت گردی کیخلاف کام کرتے رہیں گے۔