افغانستان : طالبان کا حملہ،36 ہلاک، داعش نے 30 یرغمالی قتل کر دئیے

27 اکتوبر 2016

کابل (آن لائن+رائٹرز+ آئی این پی) افغانستان میں طالبان کے حملے کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک ہو گئے۔ داعش نے 30 یرغمالیوں کو قتل کر دیا۔ پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں 8 اہلکار مارے گئے۔ جلال آباد میں بھارتی قونصلیٹ پر حملے کی سازش ناکام بناتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کرنیکا دعویٰ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطا بق افغان صوبائی گورنر نے بتایا کہ صوبہ غور میں طالبان کے حملے کے نتیجے میں 36 شہری ہلاک ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں متعدد جنگجو بھی مارے گئے۔ برطانوی میڈیاکے مطابق افغان صوبہ غور کے حکام کا کہنا تھا داعش نے 30 افراد کو یرغمال بنانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ انہیں اس وقت یرغمال بنایا گیا جب وہ پہاڑوں پر لکڑیاں جمع کر رہے تھے۔ صوبہ غور کے ترجمان نے مقامی افراد کی فائرنگ سے دولت اسلامیہ کا مقامی کمانڈر بھی ہلاک تھا جس کا بدلہ لینے کے لئے کارروائی کی گئی۔ گورنر ناصر خازے نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ مسلح افراد نے طورخم کی خیبر نامی پولیس چیک پوسٹ کو گھیرے میں لے کر اہلکاروں پر فائرنگ کردی 8مارے گئے۔ مسلح افراد نے چیک پوسٹ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا۔ فورسز نے کچھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی جوابی کارروائی کے بعد چیک پوسٹ کا کنٹرول حاصل کر لیا۔