محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی لیبارٹریز کیلئے بجٹ کا 99 فیصد تنخواہ، دوسرے اخراجات کی نذر
لاہور (چودھری اشرف) محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے زیر انتظام صوبہ بھر میں قائم لیبارٹریز کیلئے مختص بجٹ کا 99 فیصد حصہ تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی نذر ہو جاتا ہے۔ چھوٹے اور بڑے جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص کیلئے بنائی جانے والی لیبارٹریز کیلئے مختص 15 کروڑ روپے کے مجموعی بجٹ میں سے صرف 14 لاکھ روپے ٹیسٹوں کے کیمیکل کیلئے رکھے گئے ہیں جو مجموعی بجٹ کا ایک فیصد بھی نہیں ہے۔ نوائے وقت سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کے زیر اہتمام اس وقت صوبہ بھر میں 40 لیبارٹریز کام کر رہی ہیں جن میں سے 36 میں بڑے اور چھوٹے جانوروں جبکہ 4 لیبارٹریز میں مرغیوں کی بیماریوں کے ٹیسٹ ہوتے ہیں۔ لاہور اور ملتان میں جدیدترین الائزر ٹیسٹ ہوتے ہیں جہاں کسی بھی بیماری کی تشخیص دو سے تین گھنٹے میں ہو جاتی ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک کے مطابق اس وقت صوبہ بھر میں چھوٹے اور بڑے جانوروں کے علاوہ گھریلو مرغیوں کی تعداد تقریباً 9 کروڑ کے قریب ہے۔ لوگوں کو جانوروں کی بیماریوں کے بارے میں آگاہی نہ ہونے کی بنا پر وصبے میں گوشت کے ساتھ ساتھ دودھ کی پیدوار میں کمی ہو رہی ہے۔ اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے محکمہ لائیوسٹاک کے سیکرٹری کی کاوشوں سے صوبہ بھر میں جانوروں اور پرندوں کی بیماریوں کی تشخیص کے لیے لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں جن میں تقریباً 200 کے قریب ملازمین مختلف عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔ ان ملازمین میں اسسٹنٹ ڈیزیز انویسٹیگیشن آفیسر، ایک ویٹرنری افیسر کے علاوہ دیگر عملہ ہر لیبارٹری میں موجود ہے۔ دوسری جانب لاہور میں کوپر روز پر واقع تشخیصی لیبارٹری کے افسران کی جانب سے کیمیکل کی مد میں ایک ملین روپے مانگ رکھے ہیں جو اگلے بجٹ میں ملنے کا امکان ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر لیبارٹریز ڈاکٹر محمد نواز ملک سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہماری ان لیبارٹریز میں تمام ٹیسٹ بلا معاوضہ ہوتے ہیں تاہم لوگوں میں جانوں کی بیماریوں کے لیے آگاہی نہ ہونے کی بنا پر اکثر فارمرز کے قیمتی جانور جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ ہمارے پاس جدید طریقہ سے جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص کے آلات موجود ہیں کوئی بھی ٹیسٹ ہو دو سے تین گھنٹے میں اس کی رپورٹ تیار ہو جاتی ہے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب کی خصوصی کاوش سے صوبہ بھر میں فارمرز کی سہولت کیلئے ٹال فری نمبر بھی جاری کیا گیا ہے جس پر فون کال کر کے فوری طور پر اپنے جانور کی بیماری کیلئے بھی تشخیص کرائی جا سکتی ہے جو بلا معاوضہ ہوتی ہے۔