پانامہ لیکس: تحریک انصاف نے وزیراعظم کی اہلیت ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی

27 اکتوبر 2016

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں پانامہ لیکس کی بنیاد پر تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیت کو چیلنج کر دیا۔ آئینی درخواست جہانگیر ترین نے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان نے اربوں روپے کی کرپشن کی جس کا پانامہ لیکس میں انکشاف ہوا، پانامہ لیکس میں یہ بھی بتایا گیا کہ شریف خاندان منی لانڈرنگ میں ملوث ہے، پانامہ لیکس کے تمام ثبوت لگا کر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو وزیر اعظم کی نااہلی کا ریفرنس دائر کیا گیا لیکن سپیکر نے یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانے کی بجائے مسترد کر دیا۔ سپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس مسترد کرنے کا اختیار نہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو چکے ہیں اور اب صادق اور امین نہیں رہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کا وزیر اعظم کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کرنے کا حکم کالعدم کیا جائے اور الیکشن کمشن کو نواز شریف کی نااہلی کا حکم دیا جائے۔ یاد رہے کہ اس معاملہ پر جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی درخواست پر عدالت نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمشن سے جواب طلب کر رکھا ہے۔