اسلام کو دہشت گردی سے ملانے والے سب سے بڑا خطرہ ہیں: طاہر القادری

27 اکتوبر 2016

لاہور(خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کی عمان میں عالمی سیرت کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر شاہ عبداللہ نے ڈاکٹر طاہر القادری کی دہشت گردی کے خاتمے اور فروغ امن کے حوالے سے علمی، تحقیقی کام کی تعریف کی اور کہا کہ دہشتگردی و فتنہ خوارج پر فتویٰ کا میں نے مطالعہ کیا ہے اور یہ انسانیت اور اسلام کی عظیم خدمت ہے۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے حالات اور عالم اسلام کو در پیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ عبداللہ نے عالم اسلام میں دہشت گردی کے واقعات میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا پاکستانی شہری انتہائی اپنائیت کے ماحول میں اردن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں جو باعث اطمینان اور قابل تحسین ہے۔ اردن میں عالمی سیرت کانفرنس کا انعقاد عالم اسلام کو قریب کرنے اور اسلامی اخوت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور اسلام کو ملانے والے انسانیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔