میری کہانی میری زبانی

27 اکتوبر 2016

مکرمی! خاکسار ایک ضعیف العمر اور بیمار شخص ہے۔ تحریک پاکستان کا کارکن اور قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں کام کرنے کا فخر حاصل رہا ہے۔ حکومت نے گولڈ میڈل تحریک و نظریہ پاکستان عطا کیا ہوا ہے۔ قیام پاکستان کے بعد 6 ماہ والٹن مہاجر کیمپ لاہور میں کام کیا۔ میری کچھ زمین ہے جس کا کل رقبہ 36مرلہ 110 مربع فٹ ہے۔ اس پر بااثر افراد نے ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور غیرقانونی طور پر مکان بناکر رہائش پذیر ہیں۔ 50 برس سے عدالتوں میں دھکے کھا رہا ہوں‘ ناجائز قابضین اہلمد اور ریڈر وغیرہ کو رشوت دیکر ان سے لمبی تاریخیں لے جاتے ہیں۔ ان کے پاس ملکیت کا کوئی ثبوت نہیں۔ صرف یوٹیلٹی بل وغیرہ پیش کرکے اپنی ملکیت ثابت کر رہے ہیں۔ پولیس کے پاس انہیں بے دخل کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ اس لئے پولس اس معاملہ میں خاموش ہے۔ خاکسار جب کبھی اپنے پلاٹوں پر چلا جائے تو اسے قتل کی دھمکیاں ملتی ہیں۔ وزیراعلیٰ سے اپیل ہے کہ خاکسار کو اسکا حق اور انصاف دلایا جائے۔ (محمد خورشید انور بغدادی وی آئی پی گولڈ میڈلسٹ تحریک و نظریہ پاکستان )