عیدالاضحی پر گوشت احتیاط سے کھائیں: طبی ماہرین
اسلام آباد (اے پی پی) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر گوشت کھانے میں بے احتیاطی سے بچنے کی ضرورت ہے ۔ اس حوالے سے ڈاکٹر اظہار ہاشمی نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ گوشت کھانے سے دانتوں کے مسائل اور مسوڑھوں کی تکالیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ گوشت کا استعمال معدے کی جھلیوں میں سوزش کا سبب بھی بن سکتا ہے کیونکہ زیادہ گوشت کھانے سے یہ جلد ہضم نہیں ہوتا اور اس سے ڈائریا کی تکلیف پیش آسکتی ہے یا قبض بھی ہو سکتی ہے یہ دونوں کیفیات تکلیف دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کو زود ہضم بنانے کیلئے اس میں کم مصالحے ڈال کر یا پھر بغیر مصالحوں کے پکا کر کھانا چاہئے۔