بنوں: خودکش حملہ،2شہری شہید، 3 سیکیورٹی اہلکاراور7شہری سمیت 10افرادزخمی

خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں کےعلاقے بکاخیل میں موٹر سائیکل سوارخودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت افغان باشندے کے طور پر ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق خودکش بمبار اتوار کے روز موٹر سائیکل پر سوار ہوکر سیکیورٹی فورسز کے قافلے سے ٹکرایا، دھماکے میں 2 شہری شہید اور 10 افراد زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں میں 7 شہری اور 3 سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں، واقعے کے بعد علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسزدہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے تھا اور بعد ازاں اس کی شناخت افغان باشندے کے طور پر ہوئی۔افغان شہری افغانستان کے شناختی کارڈ تذکرے کی بنیاد پر پاکستان میں داخل ہوا تھا، دہشت گرد کا نام رابن اللہ ولد خانور گل جبکہ اُس کا تذکرہ نمبر 08916164 ہے۔مصدقہ ریکارڈ کے مطابق رواں سال پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں یہ 16ھواں افغان شہری سامنے آیا ہے، ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر شہریوں اور جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔