علم کی شمع روشن کیے بغیر معاشی اور سماجی شعبوں میں انقلاب برپا نہیں کیا جاسکتا:صوبائی وزیر اعجاز عالم
پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونہار اور مستحق مذہبی طلبا و طالبات میں حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیمی وظائف کی تقسیم کی کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین گزشتہ روز گوجرانوالہ پہنچے،جدھر انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں مذہبی اقلیتی طلبہ میں تقسیم تعلیمی وظائف کی تقریب میں خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر ایم این اے شہنیلاروتھ،ایم پی اے ہارون عمران گل، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹینینٹ(ر)سہیل اشرف،تحریک انصاف کے ضلعی نمائندگان اور مذہبی اقلیتوں سے وابستہ اہم شخصیات موجود تھیں۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ علم کی شمع روشن کیے بغیر معاشی اور سماجی شعبوں میں انقلاب برپا نہیں کیا جاسکتا جبکہ سو فیصد شرح خواندگی کے ہدف کے حصول کے لئے تعلیمی معیار کی بہتری، اساتذہ کی جدید خطوط پر ٹریننگ بدلتی دنیا کے تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب تعلیم وقت کی ضرورت ہے،جس کے لئے پنجاب حکومت جہاں تعلیمی معیار کے لئے کوشاں ہے وہیں پر قابل اور لائق بچوں کی حوصلہ افزائی بھی ہم فرض منصبی سمجھتی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں تعلیمی وظائف کی تقسیم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی علم دوستی کا مظہر ہے جبکہ موجودہ حکومت وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ میں تعلیمی کلچر کے فروغ اور شعبہ تعلیم کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت برسر اقتدار آئی ہے، مذہبی اقلیتوں کے لئے بہت سے تاریخی اقدامات یقینی بنا ئے جا چکے ہیں جیسا کہ ہائر ایجوکیشن میں مذہبی اقلیتوں کے خصوصی کوٹہ مختص کیئے جانا،جس کی وجہ سے ہزاروں نوجوان اعلیٰ نوکریوں کا حصول ممکن ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ کوشش کر رہے ہیں کہ تعلیمی وظائف کی گرانٹ کو پانچ کروڑ سے دس کروڑ تک لیکر جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مذہبی اقلیتوں کے نوجوان مستفید ہو سکیں۔
صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں موجودہ حکومت مذہبی اقلیتوں کو درپیش تمام مسائل کا حل یقینی بنائے گی۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے 83طلباء طالبات میں 21لاکھ مالیت کے تعلیمی وظائف کے چیک تقسیم کیئے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گوجرانوالہ علی اکبر بھنڈر،محکمہ انسانی حقوق اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔