ہاکی کے فروغ کے لئے کوشش اور محنت کر رہے ہیں: صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر
لاہور( سپورٹس رپورٹر ) صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر کا کہنا ہے کہ ہاکی کے فروغ کے لئے کوشش اور محنت کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک سطح پر سینئر اور جونئرچیمپئن شپ کرا رہے ہیں۔ صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف نیول سٹاف ہاکی چیمپیئن شپ بھی کرائیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر ہاکی لیگ کرانے کی بھی تیاری کر رہے ہیں۔ کورونا کے خاتمہ کے بعد اپنی بھر پور سرگرمیاں شروع کی تھیں۔ کورونا کی دوسری لہر کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ہم اس دوران انٹرنیشنل سطح کی چیمپئن شپ کے لئے بھی تیار ہیں۔ ہم ایدھی سٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو پربھی غور کر رہے ہیں جو ایک مشکل کام ہے، اس کے لئے بڑی رقم درکار ہے پبلک پرائیویٹ فنڈنگ بارے سوچ رہے ہیں۔خالد سجاد کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ ہاکی سپر لیگ بارے کافی کام کر لیا ہے۔سیکرٹری آصف باجوہ اس پر کام کر رہے ہیں۔ امید ہے آئندہ سال اختتام تک اس کا انعقاد کر لیں گے۔ سٹیڈیم کی تعمیر نو اور ہاکی سپر لیگ ہونے سے ہمارے مالی مسائل کافی حد تک حل ہو جائیں گے۔