اسرائیل سے پہلی کمرشل پرواز کی متحدہ عرب امارات آمد

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے قیام کے بعد تل ابیب سے پہلی باضابطہ کمرشل پروازدبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ترجمان نےبتایا کہ اسرائیل سے پہلی کمرشل پرواز گزشتہ روز4 گھنٹے کا سفر طے کرکے ہوائی اڈے پر اتری ہے۔چند ہفتے قبل فلائی دوبئی نے اعلان کیا تھا کہ وہ 26 نومبر 2020 سے دبئی اور تل ابیب کے درمیان اپنی باقاعدہ پروازیں شروع کردے گی۔ ایئر لائن دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ (ڈی ایکس بی) اور تل ابیب بین گوریان (ٹی ایل وی) کے درمیان ہر ہفتے 14 پروازیں چلائے گی۔یہ اعلان دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں طے شدہ فضائی نقل و حمل کے معاہدے اور دیگر قومی ایئر لائنز کے ذریعہ مسافر اور ایئر کارگو پروازوں کے آغاز کے بعد شروع ہوا ہے۔