2کروڑ میٹرک ٹن گندم کی پیداوار کیلئے کوشاں ہیں:صوبائی وزیر زراعت
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ امسال صوبہ میں فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے2کروڑ میٹرک ٹن پیداوار حاصل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور اس ضمن میں گندم کی کاشت 1 کروڑ62 لاکھ ایکڑ پر کاشت کا ہدف مکمل کیا جا رہا ہے اور اگر100 فیصد ہدف کے حصول مکمل ہوا تو اور آگے بڑھا جائے گا۔ وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت قومی سطح پر گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے 12 ارب 54 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں محکمہ زراعت اور اینگرو فرٹیلائزر کے اشتراک سے زیادہ گندم اگائو مہم کے سلسلہ میںمنعقدہ تقریب میں شریک کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے کہا کہ کاشتکاروں کی معاونت اور فنی راہنمائی کیلئے فیلڈ فارمیشن کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے اور گندم کے پیداواری ہدف کے حصول کیلئے فیلڈ میں جاری سرگرمیوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں گندم کی بیجائی کا ہدف 24لاکھ 64ہزار ایکڑ پر مقرر کیا گیا۔