وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کے ماڈل پر تیزی سے کام کررہے ہیں , توہین انبیا روکنے کے لئے عالمی قانون بنانے میں پاکستان امت مسلمہ کی قیادت کرے گا:نورالحق قادری
اسلامی نظریاتی کونسل کو توہین انبیا روکنے کے لئے عالمی قانون بنانے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے فیصلہ سے باضابطہ طور پرآگاہ کردیا گیا ہے،اسلامی نظریاتی کونسل تمام مسالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اس سے اسلامائزیشن میں مدد لیں گے۔ اس امر کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے منگل کو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے خصوصی طورپر اجلاس میں شرکت کی ۔ جاری بیان کے مطابق پیر نورالحق قادری نیاسلامی نظریاتی کونسل کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر قانون سازی میں کونسل سے مکمل تعاون کرے گی۔ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر ڈھالنا ہمارا خواب ہے۔ کونسل کی سفارشات قومی اسمبلی اور سینٹ میں پیش کرنے میں ماضی کی طرح تاخیر نہیں ہوگی۔ پیر نورالحق قادری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ریاست مدینہ کے ماڈل پر تیزی سے کام کررہے ہیں ۔ توہین انبیا روکنے کے لئے عالمی قانون بنانے میں پاکستان امت مسلمہ کی قیادت کرے گا۔اسلامی نظریاتی کونسل تمام مسالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اس سے اسلامائزیشن میں مدد لیں گے۔