6 شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود، لاہور پر پھر خطرہ منڈلانے لگا
لاہور + سوات (نوائے وقت نیوز + نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں پولیو وائرس نیگیٹو تاہم خطرہ بدستور موجود ہے، گلشن راوی ڈسپوزل میں پولیو وائرس کی موجودگی کے شبے پر نومبر کے نمونے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کو بھجوائے گئے تاحال رپورٹ نہیں ملی۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق لاہور میں کئی ماہ سے پولیو وائرس کا سیمپل نیگیٹو ہے۔ راولپنڈی میں پولیو وائرس کا سیمپل 2 ماہ بعد پھر پازیٹو ہوگیا۔ فیصل آباد اور اسلام آباد کے سیوریج میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔ راولپنڈی، حیدر آباد، کراچی اور ملتان سمیت 6 شہروں کے سیوریج پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے سیوریج سے لئے گئے رواں سال کے دوران پولیو وائرس کے 26 نمونے مثبت آچکے ہیں۔ دریں اثناء سوات میں پولیو وائرس کا کیس سامنے آنے پر ای پی آئی اہلکار عبدالکبیر کو معطل کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق 5 سال بعد سوات میں پولیو کا کیس سامنے آنا باعث تشویش اور محکمہ صحت کی غفلت ہے۔