پاکستانی اور انگلش فلم کی نمائش پر پابندی کیلئے ہائیکورٹ میںرٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس ناصر سعید شیخ نے پاکستانی فلم بول اور انگلش فلم ٹین گارڈ پر پابندی عائد کرنے کے لئے دائر درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں تک کے لیئے ملتوی کر دی ہے۔ یہ درخواست امجد فاروق بسمل ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ پاکستانی فلم بول اور انگریزی فلم ٹین گارڈ میں اسلامی شعائر کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ ان فلموں کے ریلیز ہونے سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہو رہی ہے لہٰذا عدالت ان فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کرے۔ فاضل عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس منظور احمد ملک نے دو افراد کو پولیس میں بھرتی کرانے کے لئے لاکھوں روپے سے محروم کرنے والے فیصل آباد کی یونین کونسل 237 کے نائب قاصد محمد نواز کی درخواست ضمانت مسترد کر دی اور ریمارکس دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ تھانوں میں ایک کانسٹیبل تھانہ کے ایس ایچ او سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے ایسے سپاہی بھی ہیں جن کے پیچھے ڈی ایس پی عہدہ کے پولیس والے پھرتے ہیں۔ نائب قاصد بھی اپنے شعبہ کا طاقتور ملازم ہوتا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزم جیل سے باہر آ کر دوبارہ پھر لوگوں کو دھوکہ دے گا۔ نائب قاصد محمد نواز پر الزام ہے کہ اس نے محمد شہباز وغیرہ سے ڈیڑھ، ڈیڑھ لاکھ روپے لے کر بھرتی ایڈیشنل آئی جی پنجاب کے دستخطوں کا لیٹر جاری کیا تھا۔