مطالبات کے حق میں ایپکا ڈی سی او دفاتر کے باہر آج دھرنا دیگی
لاہور (نیوزرپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پنجاب بھر کے تمام ڈویژنل /ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹری صاحبان کی قیادت میں صوبہ بھر کے سرکاری ملازمین آج سے متعلقہ ڈی سی اوکے دفتر کے سامنے رات دِن مسلسل فیصلہ کن دھرنا دیں گے۔ ٹی اے/ڈی، کنوینس الاﺅنس، سٹینوگرافرز، پرسنل اسسٹنٹ، پرائیویٹ سیکرٹری کے عہدوں کی اپ گریڈیشن، کنٹریکٹ و ایڈہاک ملازمین کو ریگولرائز کرنے جیسے مطالبات جووفاقی حکومت نے تسلیم کئے اور سوائے پنجاب کے تمام صوبائی حکومتوں نے اس سلسلے میں اپنے نوٹیفکینن جاری کر دئیے ہیں۔ مگر پنجاب حکومت نے ابھی تک اس سلسلے میں ٹال مٹول اور تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے اِن مطالبات کو منظور کرنے کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ کیا ہے۔ چنانچہ ایپکا کے پلیٹ فارم سے حکومت پنجاب کی ہٹ دھرمی کے خلاف مستقل دھرنے کی صورت میں سرکاری ملازمین صوبہ بھر میں تاریخی دھرنا دیتے ہوئے فیصلہ کن دما دم مست قلندر کریں گے۔