بوریوالا:موبائل پر وزارت داخلہ کی عمارت کو اڑانے کی دھمکیاں دینے والا کانسٹیبل گرفتار
بورے والا+ وہاڑی(نامہ نگاران) وزارت داخلہ کو موبائل فون پر دھمکیاں دینے والے پٹرولنگ پولیس کانسٹیبل طارق محمود کو گرفتار کر لیا گیا اور اسکے خلاف تھانہ ماڈل ٹاﺅن میں مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزم نے اعتراف کیا کہ ساتھی کانسٹبل محمد اسلم کو پھنسانے کےلئے اُسکے نام کی سم نکلوا کر وزارت داخلہ کے افسران کو دھمکیاں دی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 239ای بی زاہد آباد بورے والا کا طارق محمود بھٹی جو کہ پٹرولنگ پولیس پل چوکی 100ای بی میں بطور کانسٹیبل تعینات ہے اس نے 22نومبر کو اپنی سم نمبر0335-6946236 جو ساتھی کانسٹیبل محمد اسلم کے کوائف پر حاصل کی تھی وزارت داخلہ اسلام آباد کے فون نمبر 051-9202060 پر دھمکی آمیز کال کی کہ ہم وزارت داخلہ کی عمارت کو بم سے اڑا دیں گے جیسا کہ راولپنڈی میں ہوا ہے تحقیقات کے بعد تھانہ ماڈل ٹاﺅن پولیس کے ایس ایچ او شاہد عباس شیرازی کی مدعیت میں مبینہ کانسٹیبل کے خلاف ٹیلی فون ایکٹ 25ڈی کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے پولیس نے ملزم کے قبضہ سے موبائل سم اور موبائل فون برآمد کرلیا ہے، ملزم تھانہ ماڈل ٹاﺅن کی حوالات میں بند ہے، ملزم طارق محمود کانسٹیبل کو گذشتہ روز جوڈیشل ریمانڈ کے لئے علاقہ مجسٹریٹ/سول جج عمران خاں کی عدالت میں تھانہ ماڈل ٹاﺅن پولیس نے پیش کیا، ملزم کی ضمانت کے لئے میاں افتخار صابر ایڈووکیٹ کے ہمراہ 10سے زائد وکلاءعدالت میں پیش ہوئے وکلاءصفائی کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے استغاثہ کی روشنی میں ایف آئی آر کی دفعات میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے اضافہ کی ہدایت پولیس کو جاری کی۔ نئی دفعات کا اضافہ ہونے سے آئندہ ملزم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ریمانڈ کے لئے پیش کیا جائے گا۔ ڈی پی او وہاڑی کے مطابق ملزم نے بتایا کہ میں نے اپنے دوست محمد اسلم جوکہ پٹرولنگ پولیس میں ملازم ہے اس کو سبق سکھانے کیلئے یہ حرکت کی ہے۔ میرا دوست محمد اسلم میری تصویریں بگاڑ کر ”فیس بک“ پر لگاتا تھا جس کی وجہ سے مجھے سخت تکلیف پہنچتی تھی۔ میں نے کئی بار اپنے دوست کو اس حرکت سے روکا لیکن وہ باز نہ آیا جس پر میں نے یہ قدم اٹھایا۔