حکومت ملک میں انتشار پھیلنے والے بیرونی عناصر پر کڑی نظر رکھے:زوار بہادر
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماءپاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری زوار بہادر نے کہا ہے کہ دور حاضر میں ظالم اور یزید کے پیروکار مظلوم مسلمانوں کا خون بہا کر یزید یت کو پروان چڑھانے کی کوششیں کررہے ہیں فلسطین، برما، افغانستان اور کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے کراچی میں روز انہ چالیس پچاس افراد یزید وں کی ہوس اقتدار اور بھتہ خوری کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماءپاکستان کے زیر اہتمام جامعہ محمدیہ رضویہ گلبرگ میں دو روزہ شہادت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس کی صدارت مولانا حافظ نصیر احمد نورانی نے کی مقررین میں مفتی تصدق حسین، ڈاکٹر مفتی سلمان قادری، مولانا ثاقب افضل، رشید احمد رضوی، قاری عبدالرحمن نورانی، قاری نعیم اور قاری احسان الحق بھی شامل تھے۔ مقررین نے محرم الحرام میں امن وامان تباہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کی پرزور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت انتشار پھیلانے میں مشغول بیرونی قوتوں پر کڑی نظر رکھے اور جو افراد گرفتار ہو چکے ہیں انہیں قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔