مانگا منڈی : ویگن کا سلنڈر پھٹنے سے میاں بیوی ‘2 بچوں سمیت 7 مسافر زندہ جل گئے
مانگا منڈی + پھولنگر + لاہور (نامہ نگاران + خصوصی رپورٹر) مانگا منڈی کے قریب ملتان روڈ پر مسافر ویگن میں آگ لگنے سے 7 افراد زندہ جل گئے جبکہ 6 مسافر شدید زخمی ہیں۔ جاںبحق ہونے والوں کی ہڈیاں تک جھلس گئیں اور شناخت ہونا مشکل ہو گیا۔ مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جن میں میاں بیوی اور ان کے دو بچے بھی شامل ہیں۔ موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ 1122 فائر بریگیڈ ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچی۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے۔ بتایا جاتا ہے مسافروں سے بھری ویگن C/1804 چیچہ وطنی سے لاہور آ رہی تھی جب مانگا منڈی ملتان روڈ سوئی گیس ورکشاپ کے سامنے پہنچی تو ویگن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ڈرائیور اور کنڈکٹر ویگن کو لاوارث چھوڑ کر بھاگ گئے جبکہ کئی مسافروں نے چلتی ویگن سے چھلانگیں لگا کر اپنی جان بچائی۔ جاںبحق ہونے والوں میں طارق محمود، اس کی بیوی ساجدہ اور ان کا 6 سالہ بیٹا اور بیٹی کرن یوسف والا سے اپنے عزیزوں کو مل کر واپس آ رہے تھے کہ موت نے گھیر لیا۔ یہ خاندان چونگی امرسدھو کا رہائشی بتایا جاتا ہے، زخمیوں میں عبدالغفور، شریفاں بی بی، یاسر، آفتاب اور دو نامعلوم شامل ہیں۔ آفتاب کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ سی این جی کا سلنڈر ختم ہونے پر کنڈکٹر نے چلتی وین میں ایل پی جی کا سلنڈر شفٹ کرنا شروع کر دیا جس سے گیس لیک ہونا شروع ہو گئی اور آگ بھڑک اٹھی۔ لاشوں کو دیکھ کر ہر آنکھ اشک بار تھی جبکہ جائے حادثہ قیامت صغریٰ کا منظر پیش کر رہی تھی۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مسافر وین کا سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے جو 48 گھنٹے میں اس افسوسناک واقعہ کی چھان بین کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق منور حسن، لیاقت بلوچ نے بھی سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پھولنگر سے نامہ نگار کے مطابق گاڑی میں ایل پی جی بھرنے والے دکاندار عبدالحمید کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ آن لائن کے مطابق صدر زرداری، وزیراعظم پرویز اشرف نے بھی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ نامہ نگار کے مطابق نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے زونل کمانڈر ڈی آئی جی رائے الطاف نے انکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں۔