انتخابات میں جوڈیشری کے کردار، ملکی صورتحال پر غور کےلئے الیکشن کمشن کا اجلاس آج ہو گا
اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/خبرنگار) ماتحت عدلیہ کے ججوں کو آئندہ عام انتخابات میں خدمات سرانجام دینے کی اجازت کے بعد نئی صورتحال پر غور کے لئے آج چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخرالدین جی ابراہیم کی سربراہی میں اہم اجلاس ہو گا۔ اجلاس میں فری اینڈ فیئر الیکشن ججوں کے کردار سمیت ملک میں سکیورٹی کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف دونوں سیاسی پارٹیوں نے الیکشن کمشن کو انتخابی نشان ترازو الاٹ کرنے کی درخواستیں دے رکھی ہیں اس معاملہ پر بھی اجلاس میںغور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ترازو ان کی لسٹ میں شامل ہی نہیں۔ ترازو کو لسٹ میں شامل کرنے کے لئے الیکشن کمشن نے صدر کو لکھ رکھا ہے جس کا جواب آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ یہ نشان کس پارٹی کو دیا جائے۔ گزشتہ سال سیاسی پارٹیوں کے اجلاس میں اعتراض کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ کتاب کے نشان صفحات ا ب پ لکھ دیا جائے تاکہ اس کتاب کو قرآن نہ سمجھ لیا جائے۔ الیکشن کمشن کے اس فیصلے کے خلاف جے یو آئی (ف) نے الیکشن کمشن کو درخواست دے رکھی ہے۔ الیکشن کمشن اس کی درخواست پر غور کرے گا۔ ذرائع کے مطابق 19 نئی پاریوں کی رجسٹریشن کے لئے درخواستوں پر بھی غور کیا جائے گا۔