یوم عاشور ہمیں باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے:مصطفی قادری
آشٹن (نامہ نگار) آشٹن جامع مسجد کے خطیب قری علامہ غلام مصطفی قادری نے شہادم امام حسینؓ کے سلسلے میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور ہمیں باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے اور جیت ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے اور یذید کا ٹھکانہ جہنم کے سوا کچھ نہیں ہے۔ حافظ غلام محی الدین نے کہا دین اسلام سے بڑھ کر دنیا کا کوئی مذہب اور قانون انسانی اقدار کے تحفظ، عملی مساوات انسانی حقوق کے احترام اور امن و آشتی کا تصور پیش نہیں کر سکتا۔ حضرت امام حسینؓ بلاشبہ انسانیت کی امن پسندی کے نمائندے تھے۔ سید شفاالحق نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ازل سے جاری اصولی اختلافات کا تسلسل ہے کیونکہ قانون قدرت کے مطابق حق و باطل کی جنگ ہمیشہ جاری رہے گی۔ شفاالحق نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مسجد کے امام اور خطیب کی عزت وتکریم سب پر لازم ہے۔ اشفاق وارثی نے درودوسلام پڑھا اور غزہ، پاکستان، کشمیر، فلسطین کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا کی گئی جب کہ حضرت مولانا عبداللہ اعوان نے تلاوت قرآن پاک کی۔