’’عیدالاضحی پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں‘‘ شہباز شریف نجی دورہ پر لندن پہنچ گئے
لاہور/لندن (خبر نگار خصوصی/آصف محمود سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف 3 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ روز روانگی سے قبل ائرپورٹ پر وزیراعلیٰ نے پولیس افسروں کو ہدایت کی کہ عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کیاجائے۔ عیدگاہوں میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات اور تمام اہم مقامات پر سادہ لباس نفری تعینات کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ پٹرولنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے اور سینئر افسر اپنے علاقوں میں خود گشت کریں۔ قبل ازیں ایوان وزیراعلیٰ میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے منصوبے میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ اسے تیزی سے مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کی منصوبہ کی جلد تکمیل ہماری ذمہ داری ہے تاکہ عوام کو فرسودہ نظام سے نجات ملے اور محکمہ ریونیو کے افسروں کا کردار محدود ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں اس منصوبے کے سافٹ ویئر کی تیاری کے لئے چار فرموں کو لاکھوں روپے دیئے گئے لیکن ان فرموں نے کوئی کام نہیں کیا جبکہ متعلقہ افسروں نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کو بے دردی سے ضائع کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا سافٹ ویئر تیار کرنے والی کمپنی سے بات چیت اور معاہدہ کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انہیں آئندہ ماہ اس منصوبے پر عملدرآمد اور ٹائم فریم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے۔