لاہور(نیوز رپورٹر) نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے بتایا ہے کہ لاہور کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کیلئے لکھو ڈیر میں قائم موجودہ ویسٹ ڈمپنگ سائٹ پر ماحول دوست پارک بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد کو سی ای او راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین نے مجوزہ لینڈ فل سائٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ لاہور میں روزانہ پیدا ہونے والے 6 ہزار ٹن کوڑے کو سائنسی بنیادوں پر تلف کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئی لینڈ فل سائٹ یورپی معیار کے مطابق بنائی جائے جس کے ماحول پر کم سے کم اثرات ہوں۔ کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے آپریشنل اخراجات کم کرنے کیلئے شہر کی مختلف اطراف میں ایک سے زیادہ لینڈ فل سائٹس قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لکھو ڈیر ڈمپنگ سائٹ پر کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کا جائزہ لیا جائے۔ لکھو ڈیر ڈمپنگ سائٹ پر سولر پاور پلانٹ لگایاجائے۔ لاہور کا کوڑا کرکٹ تلف کرنے کیلئے350 ایکڑ اراضی پر نئی لینڈ فل سائٹ کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔پرانی لینڈ فل سائٹس کے ماحولیاتی اثرات کے باعث انہیں شہری آبادی سے دور شفٹ کرنے کی ضرورت ہے۔