یادگار شہداءپرحاضرہونا ، پھول رکھنا قیمتی اعزاز ہے:شوکت ورک

لاہور(نیوز رپورٹر) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ یوم تکریم شہدائے پاکستان کے سلسلہ میں ملک بھر سے ڈاکٹربرادری کی نمائندگی کرتے ہوئے یادگار شہداءپرحاضر ہونا اورفوجی انداز میں وہاں پھول رکھنا ایک بیش قیمت اعزاز ہے۔ میں دفاعی قیادت کی طرف سے اس پرخلوص دعوت پر صمیم قلب سے ان کا ممنون ہوں۔ شہیدوں کا لہو ہماری مٹی اورگھٹی میں شامل ہے،اس پاک سرزمین کیلئے ہمارے جانبازوں سمیت شہیدوں کے احساسات اوراحسانات ناقابل فراموش ہیں۔ وہ جمعرات کے روز یادگار شہداءپر پھول رکھنے کے بعد اس پروقار تقریب میں شریک ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل سٹاف سے گفتگو کررہے تھے۔ ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا کہ ہمارے شہداءہماری زندگی کے حقیقی ہیروز ہیں۔ ان کی شجاعت اور شہادت صبح قیامت تک جانثاران پاکستان کیلئے مشعل راہ رہے گی۔ عوام نے شہدائے پاکستان کے حاسدین اورناقدین کومسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ مادروطن پاکستان کیلئے ہمارا جنون ہمارے شہیدوں کے خون کامرہون منت ہے۔