کرونا مریضوں سے دہشتگردوں والا سلوک‘ وزیراعظم تقریریں‘ فیصلے کوئی اور کرتے ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کرونا وائرس کی وجہ سے پریشان تھے اور حکمران چاند کے مسئلے میں الجھے ہوئے تھے اور علماء کرام کا مذاق اڑا رہے تھے۔ ہسپتالوں میںکرونا مریضوں کے ساتھ دہشت گردوں والا سلو ک کیا جارہا ہے۔ لوگ ہسپتال جانے سے ڈرتے اور اپنی بیماری کو چھپاتے ہیں۔ ملک میںمیتوں کی تذلیل کی جارہی ہے۔ حکومت اپنے ایس او پیز پر نظر ثانی کرے۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کرونا مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔ کئی ڈاکٹرز اور نرسز اب تک کرونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوچکے ہیں۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے مگر حکومت اپنی اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، حکومت ڈ اکٹرز اور طبی عملہ کو پی پی ایز فراہم نہیں کرسکی۔ حکومت ڈاکٹرز کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ تعلیمی عمل کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں جائیں۔ تعلیم کے ذریعے ہی قوم منظم اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہے۔ غیر معینہ مدت کے لیے تعلیمی اداروں کی بندش نئی نسل اور قوم کے ساتھ ناانصافی ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میںپاکستان کا ساتھ دیا ہے اور حکومتوں کی اپیل پر سب سے زیادہ پیسے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے بھیجے لیکن اس مشکل وقت میںجب زیادہ تر پاکستانی بے روزگار ہوگئے ہیں اور ان کے پاس کھانے پینے اور ہوائی جہاز کے ٹکٹ کے لیے پیسے نہیںہیں حکومت ان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے جو قابل افسوس رویہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوقاف ہال پشاور میں الخدمت فائونڈیشن خیبرپی کے کے زیر اہتمام یتیم بچوں میں عید گفٹس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی صدر الخدمت فائونڈیشن خالد وقاص چمکنی، جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی، امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن، ضلعی صدر الخدمت فائونڈیشن ارباب عبدالحسیب، صوبائی نائب امیر و سابق ممبرقومی اسمبلی صا برحسین اعوان، سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ سینٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم صرف تقریریں کرتے ہیں اور فیصلے کوئی اور کرتے ہیں۔ وہ لاک ڈائون کے خلاف تقریر کرتے ہیں اور اگلے روز لاک ڈائون ہوجاتا ہے۔ اس حکومت کی کوئی سمت معلوم نہیں ہے۔ وزیر اعظم کے بیانات نے تو عوام کو کنفیوز کردیا ہے۔ الخدمت فائونڈیشن کے تحت اس وقت ملک بھر میں 13 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کی جارہی ہے۔ عید کی چھٹیوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے پر الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دریں اثناء سینیٹر سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ میں نماز عید الفطر پڑھائی۔ عیدالفطر کے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم عالم اسلام اور پوری قوم کو عید الفطر کی مبارک باد دیتے ہیں۔ ہم طیارہ حادثہ کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گواور لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طیارے کی تباہی کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اورآئندہ ایسے حادثات پر قابو پانے کیلئے موثر نظام بنایا جائے۔