حضرت علیؓ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جز ہے۔ سلیم عطاری
کراچی (نیوزرپورٹر)انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سربراہ محمدسلیم عطاری نے کہاکہ بارہ گاہ رسالت سے شیر خدااور ابو تراب کا لقب پانے والے خلیفہ چہارم سیدنا حضرت علی رضی اﷲتعالیٰ عنہ کی شجاعت،سخاوت قابل مثال اور زندگی سادگی وانکساری کا مرقع تھی۔محمدسلیم عطاری نے کہاکہ حضورنبی کریم ﷺسے آپ کی محبت اور عشق کا جذبہ قابل تقلید ہے۔بچپن سے جوانی کا عرصہ آغوش رحمت میں گزارا۔نبی کریم ﷺنے فرمایا’’میں علم کا شہر ہو اور علی اس کا دروازہ ہے‘‘آپ ﷺنے یہ بھی ارشادفرمایا’’ جس نے علی سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی، جس نے علی کو اذیت دی اس نے مجھے اذیت دی۔اس کے علاوہ بھی حضور ﷺنے حضرت علی رضی اﷲتعالیٰ عنہ کے حوالے سے کئی احادیث کریمہ ارشادفرمائی ہیں۔حضرت علی سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزہے۔محمدسلیم عطاری نے کہاکہ آپ کے عہدخلافت میں بے شمارفتنوں نے سراُٹھایا،لیکن آپ نے اسے بہترین حکمت عملی اور دانش مندی سے رفع کیا،حضرت علی نے عدل وانصاف ،مساوات وقانون پرعمل داری کی وہ مثال قائم کی کہ آج بھی اس کی مثال دی جاتی ہے ہیں۔ آج کے حکمرانوں کوچاہیے کہ وہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شخصیت سے سیکھیں اور ان کا اندازحکمرانی کو اپنائیں۔تاکہ ملک سے مہنگائی،بے روزگاری کاخاتمہ ہو،سودی قرضوں سے نجات ملے،معاشرے میں پھیلنے والے سماجی جرائم اوربے حیائی کاخاتمہ ہو،ملک میں انصاف کا بول بالاہو،دہشت گردی ،رشوت خوری ،کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل ہوسکے گی ۔