فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے جذبہ حیدری کو بیدار کیاجائے،متحدہ علماء محاذ
کراچی (نیوز رپورٹر) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر شیر خدا فاتح خیبر داماد رسولؐ سیدنا علی المرتضیٰ ؓ کے یوم شہادت کے موقع پر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت منعقدہ سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حضرت علیؓ کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ مسلمانوں کو لڑانے کی سازشیں باہمی اتحاد سے کامیاب نہیںہونے دیںگے بغض علیؓایمان کے منافی حب علیؓ ایمان کی نشانی ہے۔ قاتلان علیؓ و حسینؓ کی ذریت آج بھی اسلام کے نام پر مسلمانوں کے گلے کاٹ رہی ہے۔ اسد اللہ الغالب علی ابن ابی طالب امیرالمومنین علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ نے دین حق کی بقاء و سربلندی کے لئے جام شہادت نوش فرمایا۔ خلیفہ سوم عثمان ذوالنورینؓ کے محاصرے کے دوران اپنے دونوں بیٹوں حسنین کریمینؓ کو ان کی حفاظت پر مامور فرمایا۔ فلسطین و کشمیر کی آزادی کے لئے جذبہ حیدری کو بیدار کیاجائے۔ یوم علیؓ پر فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے۔ مساجد و امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں کے اطراف صحت و صفائی کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔عوام شرپسندوں پر کڑی نگاہ رکھیں اور پولیس ورینجرزاور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قیام امن کے حوالے سے خصوصی تعاون کریں۔سیمینار سے محاذ کے سرپرست مولانا جعفرالحسن تھانوی،چیئرمین اور شبان غرباء اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ علامہ عبدالخالق فریدی،محاذ کے مرکزی نائب صدور علامہ علی کرارنقوی ،علامہ شاہدین اشرفی،مرکزی رہنماعلامہ قرۃ العین عابدی،جے یو آئی کے مولانا سلیم اللہ ترکی، جے یو پی کے علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی، پیپلزپارٹی کے رہنما علامہ شاہ فیروزالدین رحمانی، مرکزی جمعیت اہلحدیث العالمی صوبہ سندھ کے نائب امیر علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، جمعیت علمائے پاکستان کے علامہ محمد وحیدنعیمی نورانی، جے یو پی کراچی کے چیف آرگنائزر ممتاز صحافی محمد شکیل قاسمی ودیگر نے خطاب کیاجبکہ معروف نعت و منعقب خواں ، سید معاذ علی نظامی،قاری انوار حمیدی ،قاری حسین الدین شاہ رحمانی،قاری ابراہیم چترالی نے شان علی المرتضیٰؓ میں منقبت پیش کی۔