تھلیسیمیا قانون پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے: ڈاکٹر سیف الرحمن
کراچی (نیوزرپورٹر)میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ تھیلیسیمیا کے مرض سے بچنے کے لئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ اس حوالے سے بنائے گئے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، وہ ادارے اور افرادقابل ستائش ہیں جو انسانی خدمت کے جذبے کے تحت تھیلیسیمیا اور دیگر امراض کے سد باب کے لئے مستقل کوشاں ہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی ایسے تمام اداروں اور افراد کے لئے اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی ہم سب کی اجتماعی کوششیں ہی معاشرے کو صحت مند بناسکتی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمیر ثناء فائونڈیشن کے تحت مقامی ہال میں افطار ڈنر و عید گفٹس کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر عمیر ثناء فائونڈیشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ثاقب انصاری، جوائنٹ سیکریٹری عبید ہاشمی، ہیڈ آف آپریشن ندیم اختر، فنانس سیکریٹری تحسین اختر اور دیگر بھی موجود تھے، مہمان خصوصی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے مستحق خاندانوں اور بچوں میں فائونڈیشن کی جانب سے عید گفٹس تقسیم کئے، انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے ساتھ تعاون کرنے اور اسکی مدد کرنے کے لئے یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ کے پاس پیسے موجود ہوں اور آپ ان پیسوں ہی سے ان کی مدد کریں بلکہ مدد کرنے اور تعاون کرنے کے لئے آپ کی جانب سے ہمدردانہ اظہار اور حوصلہ افزائی کے دو بول بھی کافی ہوتے ہیں، ہمارا بہتر رویہ اور خلوص دوسروں کو آگے بڑھنے میں مدد دیتا ہے، عمیر ثناء فائونڈیشن جس طرح تھیلیسیمیاکے امراض کے خاتمے اور اس میں مبتلا بچوں کی مدد کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے وہ انتہائی قابل ستائش عمل ہے، دنیا میںانسان کے آنے کا مقصد اللہ کی عبادت کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرنا بھی ہے