فروٹ و سبزی مارکیٹ آئی الیون فور کا سیوریج سسٹم تباہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)دارالحکومت کے اہم تجارتی مرکز ہول سیل فروٹ و سبزی مارکیٹ آئی الیون فور کا سیوریج سسٹم مکمل تباہ ھو چکا ھے۔ تقریبآ تینتیس سال پرانی آٹھ انچ کی سیوریج لائنیں جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہیں۔ مارکیٹ ایسوسیشنز اپنی مدد آپ کے تحت مرمت وغیرہ کرواتی ہیں جبکہ متعلقہ ادارہ سی ڈی اے کام کرنے سے انکاری ہے۔ ابلتے گٹروں کا گندہ پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے اور مارکیٹ کے تاجروں کی دکانوں میں داخل ہو چکا ہے۔ تاجر برادری اور فروٹ مارکیٹ کی انجمن تاجران نے سی ڈی اے اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور سیوریج سسٹم موجودہ ضروریات کے مطابق دوبارہ تعمیر کرنے اور کم از کم ایک فٹ قطر کی لائن ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔