بنگلہ دیش نے کورٹنی والش کو قائم مقام کوچ مقرر کردیا
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے ویسٹ انڈین سابق فاسٹ بائولر کورٹنی والش کو عارضی طور پر کوچنگ کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ قائم مقام کوچ کی ذمہ داری نبھائیں گے ۔ کورٹنی والش نے کہا کہ ذمہ داری ملنے پر بہت خوش ہوں ۔ ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے جس طرح سری لنکا میں پرفارم کیا تھا ۔ کچھ شعبوں میں مزید کارکردگی بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ امید ہے افغانستان کے خلاف سیریز میں کامیاب ہونگے ۔ اپنی صلاحیت اور قابلیت کے مطابق پرفارم کیا تو کامیا ب ہونگے ۔ بائولر ز مستفیض الرحمان ‘روبیل حسین ‘ابو جید اور ابو حیدر سے توقع ہے کہ آئندہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے ۔ میں بائولنگ کے شعبہ کو مزید مضبوط بنائوں گاخاص طورپر فاسٹ بائولنگ کے شعبہ میں بہتری لائیں گے ۔ فاسٹ بائولرز نے گزشتہ چند ٹورز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے ۔ افغان ٹیم کا سپن شعبہ ہم سے اچھا ہے ‘حریف ٹیم کو دیکھنے کی بجائے اپنی ٹیم کو مضبوط کیا جائے ۔ بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دسویں نمبر پرجبکہ افغانستان آٹھویں نمبر پر ہے ۔ سیریز جیت کر رینکنگ بہترکرناہوگی ۔ بھارت میں بنگلہ دیشی ٹیم کیلئے موسمی حالات بھی چیلنج ہونگے کیونکہ افغان ٹیم وہاں پہلے سے ہی پریکٹس کر رہی ہے ۔ بہت جلد تمام صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنا ہوگی ۔