جڑواں شہروں میں افطار کیساتھ سحری دسترخوان کا رواج بھی زور پکڑگیا
اسلام آباد(نعمان اصغر)جڑواں شہروں میں افطار دسترخوان کے ساتھ سحری دسترخوان کا رواج بھی زور پکڑ رہا ہے،پبلک مقامات پر ویگنوں اور خصوصی اسٹال کے ذریعے مختلف سماجی ادارے اور افراد اجتماعی اور انفرادی طور پر باقاعدہ سحر ی کا اہتمام کروا رہے ہیں ،شہریوں نے اس خوبصورت رسم کو خوش آئند قرار دیا ۔شہرکے سروے کے دوران دیکھا گیا ہے کہ ہسپتالوں ،ریلوے اسٹیشن اور لاری اڈے کے سامنے خصوصی سٹال لگائے جاتے ہیں ،این جی اوز کی طرف سے لگائے گئے عارضی کیمپوں میں سحری کے لئے باقاعدہ دعوت دینے کا اہتمام ہے جہاں ایک صاحب ہینڈ اسپیکر کے ذریعے شہریوں کو دعوت دیتے ہیں۔اس ضمن میں ایک این جی او کے زمہ دار نے بتایا ان کا یہ کام خالصتاً ’’اللہ‘‘کی رضا کے لئے ہیں ۔