ٹوٹے بینچ، اجڑے درخت، سیکٹر جی ایٹ کا پارک خستہ حال کا شکار
اسلام آباد (عبداللہ شاد) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی ایٹ ون میں موجود پارک زبوں حالی کا شکار ہو گیا ہے۔ نکاسی آب کے خراب نظام کی وجہ سے گلیوں پر پانی کھڑا ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نوائے وقت کے خصوصی سروے کے دوران عوام نے مسائل کے انبار لگا دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کی اس جانب کوئی توجہ نہیں ہے۔ گلیوں میں لوگوں نے گھروںکے سامنے گرین بیلٹس پر قبضہ کر رکھا ہے اور کئی گھروں نے وہاں پارکنگ کی جگہ بنائی ہوئی ہے۔ سیکٹر میں پارکنگ کا بھی کوئی باقاعدہ انتظام نہیں ۔عوام کا کہنا تھا کہ بارش کی صورت میں سڑکوں پر موجود گڑھوں میں پانی بھر جاتا ہے جو کئی کئی دن جوں کا توں موجود رہتا ہے۔ جی ایٹ ون میں موجود پارک کے بینچ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور کسی دور میں انتہائی خوبصورتی سے بنائے گئے ٹریک سی ڈی اے کی توجہ کے منتظر ہیں۔ ان میں سے جا بجا اینٹیں اکھڑ چکی ہیں۔ پارک کے درخت یا تو ٹوٹ پھوٹ چکے ہیںیا پھر انھیں کانٹ چھانٹ کی شدید ضرورت ہے۔ جس کی وجہ سے یہ درخت پارک کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کی بجائے ایک بدنما تاثر مرتب کرتے ہیں۔ جھولوں کی حالت بھی دگرگوںہے۔جس کی وجہ سے بچوں کا اس پارک میں آنے کا کوئی جواز ہی نہیں۔ جی ایٹ ون کے عقب میں واقع کچی بستی سے نشئی حضرات آ کر سارا دن اس پارک میں بینچوں پر بیٹھ کر نشہ کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ پارک پر نشئیوں کا راج ہے۔