شریف برادران نے سیاست کو کرپشن کا ذریعہ بنایا: نیئر حسین بخاری
لاہور (خبر نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری کہا ہے کہ شریف خاندان نے سیاست ہی کرپشن کرنے کے لئے کی۔ دنیا حیران ہے کہ گوالمنڈی میں چار مرلے کے مکان میں رہنے والے خاندان نے اس قدر جناتی معاشی ترقی کیسے کی۔ کرپشن اور کرائم جاتی امراء کے شریفوں کا شیوا رہا ہے۔ ماڈل ٹائون سانحہ شہباز شریف کے خلاف مضبوط مقدمہ ہے۔ اتنے بڑے قتل عام کے باوجود شہباز شریف کا گرفتار نہ ہونا اور وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب پر قائم رہنا قانون اور انصاف پر بیہودہ طنز ہے۔ نیر بخاری نے کہا کہ نواز شریف کو ابھی اعمال کی سزا نہیں ملی اس لئے سچ اور قانون کو چیلنج کر رہے ہیں۔ نواز شریف نے سیاست میں بھی دہشتگردی کی۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی میگا کرپشن کے تمام راز فاش ہو چکے اس لئے دونوں بھائی نزع کے عالم میں ہیں۔ دیکھنا ہے شہباز شریف قانون کی گرفت میں کب آئیں گے۔