سورج کل دوپہر 2 بج کے 18منٹ پر خانہ کعبہ کے عین اوپر ہو گا
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سورج پیر 28 مئی 12رمضان کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کے18منٹ پرعین خانہ کعبہ کے اوپر ہو گا۔ سعودی ماہر فلکیات کے مطابق سورج خانہ کعبہ کے متوازی آ جائے گا یعنی ایک ہی خط عمود پر واقع ہو گاجس سے خانہ کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دے گا۔سعودی عرب کے معیاری وقت دوپہر 12بجے کے 18منٹ پر اور پاکستان کے معیاری وقت دوپہر 2بجے کے 18منٹ پرسورج خانہ کعبہ کے اوپر واقع ہوگا۔جس سے بغیر کسی قطب نما کے استعمال کرنے قبلہ رخ کی سمت درست معلوم کی جا سکتی ہے۔ پیر کی دوپہر ایک چھڑی دھوپ میں عموداً گاڑ دیں دو بج کر18منٹ پر اس چھڑی کے سائے کے مقابل ایک لکیر لگا لیں ۔سائے کے بالمقابل لکیر خانہ کعبہ کی سمت کا تعین کرے گی۔ ماہرین فلکیات کے مطابق قدیم زمانے میں بھی لوگ اسی طریقے کو استعمال کرکے خانہ کعبہ کی سمت کا تعین کرتے تھے۔