ایران مطالبات تسلیم کرکے امریکہ کا دوست بن سکتا ہے،امریکی وزیرخارجہ
واشنگٹن(آن لائن)امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ اگر ایرانی رہنما امریکہ کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ایک نارمل ملک کے کا طرز عمل اختیار کرتے ہیں تو پھر امریکی (شہری)ایران آئیں گے اور اس سے ایک دوست ملک کا برتا کریں گے۔امریکی خبررساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں مائیک پومپیو نے کہا کہ رواں ہفتے قبل ازیں ان کی طرف سے ایران سے متعلق واضح کی جانے والی حکمت عملی کا مقصد ایران کے رہنمائوں کے لیے ان شرائط کو عائد کرنا ہے تاکہ وہ "عام رہنمائوں" جیسا رویہ اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ’’عام‘‘رہنما اپنے عوام کو لوٹتے نہیں اور نہ ہی وہ ان کے پیسے کو شام اور یمن کی "مہم جوئی" پر ضائع کرتے ہیں۔پومپیو نے کہا کہ اگر ہم ایسی شرائط مقرر کرتے ہیں جن سے ایران کے رہنما (اپنا رویہ)ختم کرتے ہیں تو یہ ایرانی عوام کے لیے بڑی کامیابی ہو گی اور امریکی وہاں جائیں گے اور ہم وہ سب بڑی چیزیں حاصل کریں گے جو ہم اس وقت حاصل کرتے ہیں جب ہم دوست اور اتحادی ہوتے ہیں۔امریکہ کے اعلی سفارت کار نے ایک تقریر میں ایران سے متعلق بیان کی گئی اپنی حکمت عملی کی 12 شرائط میں سے ایک کو تفصیل سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے ''آئی اے ای اے" کو اپنی فوجی تنصیبات اور ریسرچ لبارٹریوں کا معائنہ کرنے کی اجازت دے۔ اپنی 21 مئی کے تقریر میں انہوں نے 'آئی اے ای اے' کے لیے بغیر کسی شرط کے "ملک بھر میں تمام مقامات" تک رسائی کا مطالبہ کیا تھا۔