یوم تکبیر، مسلم لیگ ن کی مرکزی تقریب کل ہو گی، نوازشریف خطاب کرینگے،الحمرا ہال میں تقریب سے شہبازشریف، حمزہ، مریم کے خطاب کا بھی امکان، انتظامی کمیٹیاں بن گئیں
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے 28مئی کو یوم تکبیر شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب (کل) کو الحمرا نمبر 1 میں ہوگی جس سے نوازشریف خطاب کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف، مریم نواز شریف اور میاں حمزہ شہبازشریف کے بھی تقریب سے خطاب کرنے کا امکان ہے۔ تقریب کے انعقاد کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) لاہور نے صدر لاہور پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کی صدارت میں اجلاس میں کیا تھا۔ اس سلسلے میں کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ اجلاس میں خواجہ عمران نذیر، ارکان اسمبلی چودھری شہباز، غزالی سلیم بٹ، رمضان صدیق بھٹی، لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید، سید توصیف شاہ، عامر خان، رانا احسن شرافت، سعیدیہ تیمور سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ پرویز ملک اور خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ نوازشریف ہی وہ بہادر لیڈر تھے جنہوں نے تمام بیورنی دبائو کے باوجود بھارت کے 5ایٹمی دھماکوں کے مقابلے میں 6دھماکے کرکے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔