الیکشن کچھ آگے بھی چلا گیا تو قیامت نہیں آ جائیگی : شیخ رشید
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے ماحول کو خراب کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کچھ عرصہ آگے بھی چلا جائے تو قیامت نہیں آ جائے گی۔ نواز شریف ملکی اداروں کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، نواز شریف دوسروں کے آلہ کار بن چکے ہیں۔ لگتا ہے نواز شریف کچھ دن میں کارگل پر بھی بات کریں گے۔ امید ہے الیکشن چیف جسٹس ثاقب نثار کے دور میں ہو جائیں گے۔ لاہور میں خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ پاکستان کو اندر سے خطرات لاحق ہیں۔ چین کی طرح سعودی عرب نے بھی ڈیڑھ ارب ڈالر دئیے تھے۔ نواز شریف کے بیٹوں نے اتنی جائیدادیں کیسے بنائیں؟ سی پیک میں کرپشن پر چین کو شدید تحفظات ہیں۔ چین نے 440 لوگوں کو کرپشن کرنے پر پھانسیاں دیں، کرپشن پر نکالا گیا شخص ملکی اداروں کو للکار رہا ہے۔ نواز شریف روز کہتے ہیں سینے میں بہت راز دفن ہیں، نواز شریف کا جتنا بڑا سینہ ہے سب کو پتہ ہے۔ میں نے ن لیگ کو ختم نبوت کے معاملے پر بے نقاب کیا۔ عوامی مسلم لیگ، تحریک انصاف کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی۔ دعا ہے اللہ عمران خان کی ایسی فضا بنا دے کہ چوروں سے جان چھوٹ جائے۔ شہباز شریف سے کہتا ہوں ہمیں راولپنڈی کی سیاست راولپنڈی میں ہی کرنے دیں، راولپنڈی میں میرے خلاف لاہور سے امیدوار کھڑا کیا تو میں بھی سیاسی فیصلہ کروں گا۔ مریم صاحبہ نے اپنے والد کی سیاست کی قبر کھود دی ہے جو زبان ’’را‘‘ استعمال نہیں کر سکی وہ زبان نواز شریف استعمال کر رہے ہیں۔