پنجاب میں تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 90 نشستوں پر کامیاب ہوگی : شفقت محمود کا دعویٰ
لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف آگہی مہم نے عوام میں شعور پیدار کیا ہے کہ وہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کو آئندہ انتخابات میں مسترد کردیں ٗپنجاب میں تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 90 نشستوں پر کامیاب ہوگی۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے پیپلز پارٹی او ر نواز لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں حکومتوں میں رہی اور 3 دہائیوں سے اپنے خاندان کے لیے دولت جمع کی۔انہوں نے کہا کہ لوگ جان چکے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ریاستی وسائل کا منصفانہ استعمال نہیں کیا اور لاہور سمیت تمام جگہ بڑے منصوبوں میں ان کے ذاتی مفاد شامل تھے۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے شہریوں کا زندگی کا معیار بہتر کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، لاہور میں پنجاب کا 66 فیصد بجٹ استعمال کرنے کے باوجود اب بھی لوگوں کو پینے کا صاف پانی اور ہسپتال میں صحت کی بنیادی سہولیات میسر نہیں۔2018 میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے امکانات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دوسری جماعتوں خاص طور پر مسلم لیگ (ن) کی خرابیوں کے باعث لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں اور تحریک انصاف اس پوزیشن میں ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں حکومت بنا لے گی۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی اپنے نعرے ایک پاکستان پر عمل کر رہی ہے ٗجہاں امیر اور غریب کیلئے سب کچھ برابر ہوگا۔