شفاف انتخابات کرانا ہمارا فرض ہے‘ الیکشن کمشنر پنجاب نے چارج سنبھال لیا
لاہور (آن لائن) الیکشن کمشنر پنجاب ظفر اقبال حسن نے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور دفتر میں افسران سے ملاقات کے بعد انتخابی عمل کے انتظامات کا جائزہ لے کر اطمینان کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشنر پنجاب ظفر اقبال حسن نے عہدہ کا چارج سنبھالتے ہوئے دفتر کا دورہ کیا اور وہاں پر افسران سے ملاقات کی اور تمام تر انتخابی عمل کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ظفر اقبال حسن نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عام انتخابات کی تیاریاں مکمل ہیں اور انتخابات سے متعلق ابتدائی سامان ریٹرننگ افسران کو جلد فراہم کر دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا شفاف انتخابات کرانا ہمارا فرض ہے اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جس کے بعد الیکشن کمشنر پنجاب ملتان چلے گئے ۔